اسرائیل میں عرب شہریوں کے خلاف مبینہ نسل پرستانہ مہم، گادی آئزنکوٹ کی نیتن یاہو پر سخت تنقید


احمد طیبی کون ہیں؟ اسرائیلی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے والے فلسطینی نژاد عرب رہنما کی سیاسی جدوجہد
ایجنسی | 16 نومبر 2026
احمد طیبی فلسطینی نژاد اسرائیلی سیاست دان اور ڈاکٹر ہیں، جنہوں نے عرب شہریوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے اسرائیل کے دائیں بازو کے سیاسی حلقوں کو مسلسل چیلنج کیا ہے۔
اسرائیل کی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں عرب موومنٹ فار چینج (تعال) کے سربراہ احمد طیبی کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ تقرری ایک تجربہ کار سیاست دان کے لیے اہم کامیابی ہے، جو طویل عرصے سے اسرائیل کے فلسطینی شہریوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے احمد طیبی نے اپنی کامیابی کو ان دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں کے خلاف کامیابی قرار دیا، جو گزشتہ برسوں میں اسرائیلی حکومت کا حصہ رہی ہیں یا حکومت کی قیادت کرتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ مشترکہ فہرست (جوائنٹ لسٹ) کی جائز کامیابی ہے، جس نے انتخابات میں 11 نشستیں حاصل کی ہیں۔‘‘
احمد طیبی نے مزید کہا کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور دائیں بازو کے انتہا پسند قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے ان کے انتخاب کو روکنے کی کوشش کی، لیکن ان کی اشتعال انگیزی کے باوجود وہ ناکام رہے۔
یاسر عرفات کے سیاسی مشیر
احمد طیبی 19 دسمبر 1958 کو شہر طیبہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جو 1948 کی فلسطینی تباہی (نکبہ) کے دوران جافا سے بے دخل ہوا تھا۔
انہوں نے طب کے شعبے میں تعلیم حاصل کی اور 1983 میں عبرانی یونیورسٹی، یروشلم سے نمایاں کامیابی کے ساتھ گریجویشن کیا۔ تاہم جلد ہی ان کی سیاسی سرگرمیاں ان کے طبی پیشے پر غالب آگئیں۔
1984 میں احمد طیبی نے تیونس کے دارالحکومت تیونس میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے رہنما یاسر عرفات سے ملاقات کی۔ اس وقت اسرائیلی قوانین کے تحت پی ایل او کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا اور اس سے ملاقات کرنا قانونی پابندیوں کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا تھا۔
اسرائیل واپس پہنچنے پر پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کی، تاہم ان کے خلاف باضابطہ طور پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں 1993 سے 1999 تک احمد طیبی نے یاسر عرفات کے سیاسی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 1998 میں امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں منعقدہ وائی ریور سربراہی اجلاس میں وہ فلسطینی وفد کے ترجمان بھی تھے۔
اس وقت بنجمن نیتن یاہو پہلی مرتبہ اسرائیل کے وزیراعظم بنے تھے۔ وائی ریور اجلاس میں اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض علاقوں سے اپنی فوج واپس بلانے پر اتفاق کیا تھا، جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی مزاحمتی تحریک کے مسلح گروہوں کے خلاف مزید کارروائی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
تاہم اسرائیل فلسطین تنازعے کے دیگر معاہدوں کی طرح وائی ریور مفاہمت بھی جلد ہی اسرائیل کی جانب سے ترک کردی گئی۔
اسرائیلی پارلیمنٹ میں سیاسی جدوجہد
احمد طیبی نے 1996 میں اپنی سیاسی جماعت تعال (عرب موومنٹ فار چینج) قائم کی اور 1999 میں پہلی مرتبہ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
وہ اپنی شناخت ’’اسرائیلی شہریت رکھنے والے عرب فلسطینی‘‘ کے طور پر کراتے ہیں۔ وہ دو ریاستی حل اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حقِ واپسی کی حمایت کرتے ہیں۔
احمد طیبی اسرائیل کو ایک یہودی ریاست قرار دینے کے تصور کی مسلسل مخالفت کرتے رہے ہیں۔ ان کے نزدیک اسرائیل ایک امتیازی نظام (اپارتھائیڈ اسٹیٹ) ہے، جبکہ وہ ایسی ریاست کے حامی ہیں جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔
ان کے دوٹوک سیاسی مؤقف اور زمینی سطح پر سرگرمیوں کے باعث وہ متعدد مرتبہ اسرائیلی حکومت اور دائیں بازو کے پرتشدد عناصر کے نشانے پر رہے ہیں۔
ستمبر 2000 میں دوسرے انتفاضہ کے دوران ان کا دایاں ہاتھ اس وقت ٹوٹ گیا جب انہوں نے ایریل شیرون کا سامنا کیا۔ شیرون نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اشتعال انگیز انداز میں داخلہ کیا تھا۔ بعد میں وہ اسرائیل کے وزیراعظم بنے۔
2002 میں اسرائیل نے احمد طیبی کی پارلیمانی استثنیٰ ختم کردی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران جنین کے پناہ گزین کیمپ میں داخل ہوئے تھے اور وہاں اسرائیلی فوجیوں کا سامنا کیا تھا۔
احمد طیبی پارلیمنٹ میں اپنے ڈرامائی احتجاجی انداز کے لیے بھی مشہور ہیں۔
2016 میں انہوں نے یروشلم اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دینے پر پابندی عائد کرنے کی مجوزہ اسرائیلی قانون سازی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کنیسٹ کے ایوان میں اذان دی تھی۔
ان کی یہ کارروائی اسرائیلی پارلیمنٹ میں ایک غیر معمولی احتجاج کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔