مواد پر جائیں
Tamir
ٹیکنالوجی

زبانوں کا تنوع اور تدریسی حکمت عملی: مہاراشٹر کے کثیر لسانی جماعتوں میں مراٹھی زبان کی تدریس

11 منٹ کی پڑھائی

زبانوں کا تنوع اور تدریسی حکمت عملی

(مہاراشٹرا کے کثیر لسانی جماعتوں میں مراٹھی زبان کی تدریس)

محمد عبد اللہ جاوید
ڈائریکٹر، اے جے اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ
9845547336

مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کے منتخب اساتذہ کے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ یہاں کے تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ ایسی جماعتوں کا ہے جہاں اردو، انگریزی اور مراٹھی میڈیم کے طلبہ ایک ہی جماعت میں زیرِ تعلیم ہیں۔ بالخصوص ان شہروں میں جہاں مختلف ریاستوں سے لوگ روزگار، تجارت اور دیگر ضروریات کے لیے آکر آباد ہوجاتے ہیں تو صورتِ حال مزید پیچیدہ ہوجاتی ہے۔ ایک ہی جماعت میں ایسے طلبہ موجود ہوتے ہیں جن کی مادری زبان اردو، مراٹھی، ہندی، تیلگو، کنڑ یا کوئی دوسری زبان ہوتی ہے۔ کوئی بچہ اپنی ابتدائی تعلیم اردو میڈیم سے حاصل کرکے آیا ہوتا ہے تو کوئی انگریزی میڈیم سے۔ بعض بچے ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسری ریاست سے مہاراشٹر منتقل ہونے کے بعد پہلی مرتبہ مراٹھی زبان سے واقف ہوتے ہیں۔

ایسی صورتِ حال میں اساتذہ کے سامنے کئی عملی دشواریاں پیدا ہوتی ہیں۔ انہیں مقررہ نصاب کی تکمیل کے علاوہ مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے بچوں کو مضمون سمجھانے کے ساتھ مراٹھی زبان سیکھنے میں بھی مدد کرنی ہوتی ہے۔ بعض اوقات مقامی زبان سکھانے کی ذمہ داری بھی کلاس ٹیچر پر ڈال دی جاتی ہے، حالانکہ اس کے لیے نہ اضافی وقت مختص کیا جاتا ہے اور نہ ہی کوئی خصوصی تدریسی مواد فراہم کیا جاتا ہے۔ اس صورتِ حال میں بچوں کی تعلیمی ضروریات کیسے پوری کی جاسکتی ہیں؟ کیا ہر بچے سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ ایک ہی رفتار سے نئی زبان سیکھے گا؟ کیا اس مسئلے کا حل اساتذہ پر مزید ذمہ داریاں ڈالنے کی بجائے ایک آسان تعلیمی منصوبہ بنانے سے ممکن نہیں؟ اس مسئلے کو صرف زبان کی تدریس کا مسئلہ سمجھنا صحیح نہیں ہوگا۔ یہ دراصل تعلیمی مساوات، بچوں کی سیکھنے کی صلاحیتوں، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور اسکول کے تعلیمی ماحول سے تعلق رکھنے والا ایک اہم مسئلہ ہے۔

مہاراشٹرا میں بین الریاستی نقل مکانی کا پس منظر

اس مسئلے کی اہمیت سمجھنے کے لیے مہاراشٹر میں دوسری ریاستوں سے آنے والے افراد کے اعداد و شمار پر نظر ڈالنا مفید ہوگا۔ حکومتِ مہاراشٹر کے محکمۂ معاشیات و شماریات کی رپورٹ (Economic Survey of Maharashtra 2019–20) میں مردم شماری 2011 کی بنیاد پر نقل مکانی کے اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق مردم شماری سے پہلے کے دس برسوں کے دوران تقریباً 38.13 لاکھ افراد دوسری بھارتی ریاستوں سے مہاراشٹر نقل مکانی کرکے آئے تھے، جبکہ بیرونِ ملک سے آنے والوں کی تعداد تقریباً 1.20 لاکھ تھی۔ یوں ان دونوں زمروں کو ملا کر تقریباً 39.33 لاکھ افراد کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ اعداد گزشتہ دس سال کی مدت میں مہاراشٹر آنے والے لوگوں کی تعداد ظاہر کرتے ہیں، نہ کہ 2026 میں ریاست میں موجود تمام تارکینِ وطن کی مجموعی تعداد۔

اس نقل مکانی سے معلوم ہوتا ہے کہ مہاراشٹر میں مختلف ریاستوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی منتقلی کوئی غیر معمولی صورتِ حال نہیں ہے۔ ان خاندانوں کے بچے مقامی اسکولوں میں داخلہ لیتے ہیں۔ ان کے تعلیمی مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی ادارے اس بدلتی ہوئی معاشرتی صورتِ حال کے پیشِ نظر تدریسی طریقوں میں مناسب تبدیلیاں لائیں۔

دیگر ریاستوں اور ممالک کے تجربات سے رہنمائی

یہ مسئلہ صرف مہاراشٹر تک محدود نہیں ہے۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور دنیا کے کئی ممالک میں ایسی تعلیمی صورتِ حال پائی جاتی ہے جہاں ایک ہی جماعت میں مختلف زبانیں بولنے والے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں یونیسکو کی رپورٹ Bhasha Matters: State of the Education Report for India 2025 خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ اس میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کیے جارہے تجربات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ ان کی تفصیلات اختصار کے ساتھ ذیل میں درج کی جارہی ہیں:

ریاست اڑیسہ: اڑیسہ میں قبائلی علاقوں کے بچوں کے لیے مادری زبان پر مبنی کثیر لسانی تعلیم (Mother Tongue-Based Multilingual Education) کا منصوبہ نافذ کیا گیا۔ اس میں بچوں کو ابتدائی تعلیم ان کی مادری زبان میں دی جاتی ہے اور بتدریج ریاستی زبان اڑیہ اور دیگر زبانوں سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ متذکرہ رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں 21 قبائلی زبانوں کو شامل کیا گیا ہے اور 17 اضلاع کے 1,317 اسکول اس سے مستفید ہورہے ہیں۔ اس تجربے سے معلوم ہوتا ہے کہ نئی زبان سکھانے کے لیے بچے کی پہلے سے موجود لسانی صلاحیتوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسی کی بنیاد پر تعلیمی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔

ریاست تلنگانہ: تلنگانہ میں مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے طلبہ کی ضروریات کے پیشِ نظر آٹھ زبانوں میں درسی کتابیں اور تعلیمی وسائل تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں تیلگو، اردو، ہندی، انگریزی، کنڑا، مراٹھی، تمل اور بنگالی زبانیں شامل ہیں۔ یونیسکو کی 2025 کی مذکورہ رپورٹ میں جماعت اول تا دہم کے لیے ان زبانوں میں 274 درسی کتابوں کی تیاری کا ذکر ہے۔ اس مثال سے بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ کثیر لسانی جماعت کا مسئلہ بآسانی حل کیا جاسکتا ہے، بشرطیکہ صرف اساتذہ کی انفرادی کوششوں پر اکتفا کرنے کی بجائے تعلیمی وسائل اور ادارہ جاتی تعاون یقینی بنایا جائے۔

ریاست جھارکھنڈ: پانچ قبائلی زبانوں، سنتھالی، منڈاری، ہو، کُڑُخ اور کھڑیا میں تعلیمی مواد تیار کیا گیا۔ 2022 میں جماعت اول تا پنجم کے لیے 259 اسکولوں میں کثیر لسانی تعلیم کا پائلٹ پروگرام شروع کیا گیا۔ تصویری لغات، دو لسانی الفاظ کے کارڈز اور کہانیوں کا مواد تیار کیا گیا۔

ریاست چھتیس گڑھ: 2006 سے کثیر لسانی تعلیم کی تیاری شروع ہوئی۔ گوندی، ہلبی، سرگوجیا، کُڑُخ، چھتیس گڑھی اور دیگر مقامی زبانوں میں تدریسی مواد تیار کیا گیا۔ UNICEF اور Language and Learning Foundation نے 4 لاکھ سے زائد پہلی جماعت کے بچوں اور تقریباً 30 ہزار اساتذہ کی لسانی صورتِ حال کا جائزہ لینے میں تعاون کیا۔ اس کے بعد اساتذہ کے لیے تربیتی رہنما مواد بھی تیار کیا گیا۔

ریاست مغربی بنگال: سنتھالی زبان میں دو لسانی ابتدائی درسی کتابیں تیار کی گئیں، جن میں سنتھالی-بنگالی اور سنتھالی-اڑیہ شامل ہیں۔ اس کا مقصد بچوں کو ان کی مانوس زبان کے ذریعے ابتدائی خواندگی فراہم کرنا تھا۔

ریاست آسام: مقامی زبانوں میں تعلیم کے لیے لسانی نقشہ سازی (Language Mapping) اور تدریسی مواد کی تیاری کے اقدامات کیے گئے۔ رابھا، میسنگ، تِوا اور دیوری زبانوں کے حوالے سے بھی تعلیمی اقدامات کی منصوبہ بندی کی گئی۔

اسکولوں کے لیے لائحہ عمل

اسکولی سطح پر مختصر، منظم اور مشترکہ کوششوں سے موجودہ صورتِ حال میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ اس غرض کے لیے ہر اسکول میں ایک مختصر مراٹھی زبان کا تعارفی و معاون پروگرام (Bridge Marathi Programme) شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام کے چند اہم اجزاء حسبِ ذیل ہیں:

(1) طلبہ کی لسانی صورتِ حال کا ابتدائی جائزہ لیا جائے۔

ہر طالب علم سے متعلق چند بنیادی معلومات حاصل کی جائیں، جیسے اس کی مادری یا گھریلو زبان کیا ہے؟ اس نے پچھلی جماعت کس میڈیم سے پڑھی ہے؟ کیا وہ مراٹھی سمجھتا، بولتا، پڑھتا اور لکھتا ہے؟ ان معلومات کی بنیاد پر ہر طالب علم کا مختصر لسانی پروفائل تیار کیا جائے۔ پھر انہیں تین بنیادی گروپس میں تقسیم کیا جائے۔ پہلا گروپ ان طلبہ کا ہو جو مراٹھی سمجھتے اور بولتے ہیں۔ دوسرا گروپ ان طلبہ پر مشتمل ہو جو مراٹھی سمجھتے ہیں لیکن روانی سے بول نہیں سکتے۔ تیسرا گروپ ایسے طلبہ پر مشتمل ہو جو مراٹھی سے بالکل ناواقف ہیں۔ ان گروپس کی تقسیم مستقل نہ ہو بلکہ طلبہ کی پیش رفت کے مطابق تبدیل ہوتی رہے۔ ہر دو ماہ بعد اس کا جائزہ لیا جائے۔

(2) روزانہ 15 سے 20 منٹ مراٹھی زبان کی مشق کرائی جائے۔

دوسری ریاستوں سے آنے والے طلبہ کے لیے روزانہ 15 سے 20 منٹ کا مختصر زبان سیکھنے کا سیشن رکھا جاسکتا ہے۔ اس میں گرامر کی پیچیدگیوں کی بجائے روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے الفاظ اور جملوں پر توجہ دی جائے۔ مثلاً تعارف، گھر، اسکول، بازار، وقت، راستہ اور عام گفتگو سے متعلق الفاظ سکھائے جائیں۔ تصاویر پر مبنی کارڈز، مختصر مکالمے، آڈیو ریکارڈنگ اور عملی سرگرمیوں سے یہ سکھانے کا عمل مزید آسان ہوسکتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت پر توجہ دی جائے، پھر طلبہ کی سطح کے مطابق پڑھنے اور لکھنے کی مشق شامل کی جائے۔

(3) طلبہ کو ایک دوسرے کا معاون بنایا جائے۔

کلاس روم میں مراٹھی جاننے والے طلبہ کو دوسرے طلبہ کا لسانی ساتھی (Language Companion) بنایا جاسکتا ہے۔ مثلاً مراٹھی جاننے والا طالب علم اپنے ایسے ساتھی کی مدد کرے جو تیلگو، اردو یا کنڑ زبان جانتا ہے۔ اس طرح بچے ایک دوسرے سے روزمرہ گفتگو سیکھ سکتے ہیں۔ یہ طریقہ صرف زبان سیکھنے میں مددگار نہیں ہوگا بلکہ بچوں میں باہمی تعاون، احترام اور ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے کا جذبہ بھی پیدا کرے گا۔ البتہ کسی طالب علم پر مستقل پڑھانے کی ذمہ داری نہ ڈالی جائے اور نہ ہی اس کی اپنی تعلیم متاثر ہونے دی جائے۔

(4) مضمون کی تدریس میں زبان کی دشواری کا بھرپور لحاظ رکھا جائے۔

بچے کی مراٹھی کمزور ہونے کی وجہ سے اس کی ریاضی، سائنس یا دیگر مضامین کی صلاحیت کا غلط اندازہ نہ لگایا جائے۔ فرض کریں کہ ایک طالب علم کو ریاضی میں کوئی مسئلہ حل کرنا آتا ہے لیکن وہ سوال میں استعمال ہونے والی مراٹھی زبان نہیں سمجھتا۔ اگر استاد اسے ریاضی میں کمزور قرار دے دے تو یہ اس کی تعلیمی صلاحیت کا بالکل غلط اندازہ ہوگا۔

اس لیے دو چیزوں کا الگ الگ جائزہ لیا جائے۔ ایک یہ کہ طالب علم کو مضمون کا تصور کس حد تک سمجھ میں آیا؟ اور دوسرا یہ کہ طالب علم کو اس تصور کی وضاحت کے لیے استعمال ہونے والی مراٹھی زبان کس حد تک سمجھ میں آتی ہے؟

ایسی صورت میں سوال کو آسان زبان، تصویر یا مثال کے ذریعے سمجھایا جائے۔ اسی طرح سائنس کے اہم تصورات کی وضاحت میں طلبہ کی مادری زبان سے مدد لی جاسکتی ہے۔ مشکل الفاظ کے ساتھ آسان متبادل الفاظ لکھائے جائیں۔ اہم اصطلاحات کے دو لسانی چارٹ بنائے جائیں اور جہاں ممکن ہو طلبہ کو اپنی معلوم زبان میں کسی تصور کی وضاحت کرنے کا موقع دیا جائے۔ یوں زبان کی مہارت اور مضمون کے فہم کا علیحدہ سے جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

(5) مشترکہ تدریسی مواد تیار کیا جائے۔

ہر استاد کو الگ الگ نئے سرے سے مواد تیار کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ اسکول کے اساتذہ مل کر ایک مختصر ڈیجیٹل کثیر لسانی ریسورس بینک (Digital Multilingual Resource Bank) تیار کریں، جس میں روزمرہ استعمال کے سو بنیادی مراٹھی الفاظ، اردو، ہندی، تیلگو، کنڑ اور انگریزی کے ساتھ مراٹھی الفاظ کا تقابلی چارٹ، عام جملوں اور مکالموں کی ویڈیو ریکارڈنگ، مراٹھی الفاظ کا صحیح تلفظ سکھانے والی آڈیو، تصویری لغت اور مختصر ورک شیٹس، ریاضی، سائنس اور دیگر مضامین کی بنیادی اصطلاحات اور جماعت کے مطابق زبان سیکھنے کی سرگرمیاں شامل ہوں۔ یہ مواد گوگل ڈرائیو یا کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ میں محفوظ کیا جائے تاکہ تمام اساتذہ بآسانی اس سے استفادہ کرسکیں۔

(6) والدین اور مقامی افراد کا تعاون حاصل کیا جائے۔

بچے صرف اسکول میں ہی زبان نہیں سیکھتے بلکہ گھر اور معاشرتی ماحول بھی ان کی لسانی صلاحیتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اساتذہ کے علاوہ اسکول انتظامیہ والدین کو ترغیب دلائے کہ وہ اپنے بچوں کو مقامی لوگوں سے گفتگو کرنے، بازار جانے، کھیلنے اور روزمرہ کے معاملات میں مراٹھی استعمال کرنے کی جانب توجہ دلائیں اور حسبِ گنجائش مواقع بھی فراہم کریں۔ مقامی کالجوں کے طلبہ یا مراٹھی جاننے والے لوگوں کی مدد سے ہفتے میں ایک مرتبہ باہم تبادلۂ خیال کا سیشن (Conversational Marathi Session) بھی منعقد کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح بچوں کو کتابی تعلیم کے ساتھ عملی زندگی میں زبان استعمال کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

انتظامیہ کا خصوصی لائحہ عمل

اسکول انتظامیہ اور محکمۂ تعلیم کا اس ضمن میں بڑا ہی اہم کردار ہے، کیونکہ اساتذہ پہلے ہی نصاب کی تکمیل، امتحانات کی تیاری، طلبہ کی تعلیمی کمزوریوں پر توجہ، ریکارڈ کی تیاری اور والدین سے رابطے جیسی متعدد ذمہ داریاں انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ اس صورتِ حال میں اگر ان سے یہ بھی توقع کی جائے کہ وہ مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے تمام بچوں کو انفرادی طور پر مراٹھی سکھائیں تو یہ ایک غیر معمولی اضافی بوجھ ہوگا۔

اس لیے اسکول انتظامیہ اور محکمۂ تعلیم کی جانب سے کثیر لسانی کلاس رومز کے لیے اساتذہ کی مختصر اور عملی تربیت کا اہتمام کیا جائے۔ مفت تدریسی مواد فراہم کیا جائے۔ حسبِ ضرورت زبان کے ماہرین اور معاونین کی خدمات حاصل کی جائیں اور اساتذہ کے کامیاب تجربات کو دوسرے اسکولوں تک پہنچانے کا نظم بھی کیا جائے۔ اس مسئلے کا حل صرف اساتذہ کی انفرادی ذمہ داری تک محدود ہو تو خاطرخواہ نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ اس مسئلے کو اسکول کے مشترکہ تعلیمی منصوبے کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔

کسی بچے کی زبان اس کی تعلیم میں ہرگز رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کی موجودہ لسانی صلاحیتوں کے پیشِ نظر اسے مراٹھی زبان سیکھنے اور دیگر مضامین میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔ یہ بات بھی پیشِ نظر رہے کہ زبانوں کے معاملے میں ہمارے بچوں کا ذہن بالکل صاف رہے اور وہ کوئی منفی تاثر نہ لیں۔ کسی زبان کا سیکھنا مجبوری نہیں بلکہ ہماری مخلوط سماجی و تہذیبی زندگی کا ایک اہم تقاضا اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا ذریعہ ہے۔ زبانوں سے محبت ہمارے تعلیمی و تربیتی نظام کی اہم ترین ترجیحات میں سے ہونی چاہیے، کیونکہ سب زبانیں اسی رب کی عطا ہیں جس نے انسان کو بولنا سکھایا۔