مولانا آزاد سوشل فاؤنڈیشن کا پہلا یومِ تاسیس جوش و خروش سے منایا گیا، عوامی خدمات جاری رکھنے کا عزم

: مولانا آزاد سوشل فاؤنڈیشن کا پہلا یومِ تاسیس 11 نومبر کو بارشی روڈ واقع گولڈن چوائس ہوٹل میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
بیڑ (نامہ نگار) اس تقریب میں شہر کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، سماجی کارکنان، سیاسی نمائندگان، شعراء، فاؤنڈیشن کے عہدیداران، اراکین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فاؤنڈیشن کے بانی و صدر عرفات خان کی قیادت میں گزشتہ ایک سال سے بیڑ شہر اور اطراف کے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس دوران نمرا کالونی کے علاقے میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ محکمے سے مسلسل رابطہ اور پیروی کی گئی، جس کے نتیجے میں نئے بجلی کے کھمبے نصب کیے گئے اور لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کا مسئلہ بھی حل کیا گیا۔
اس کے علاوہ بیڑ ریلوے اسٹیشن پر اردو زبان میں سائن بورڈ نصب کرنے کا مطالبہ، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف عوامی مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ سے رجوع کیا گیا۔
تقریب کے دوران فاؤنڈیشن کی جانب سے گزشتہ ایک سال میں انجام دیے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کی گئیں، جبکہ آئندہ کے سماجی پروگراموں اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر موجود معزز شخصیات نے فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا۔
فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد معاشرے کے ضرورت مند افراد کی مدد کرنا، تعلیم کو فروغ دینا، شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا اور عوام میں سماجی شعور بیدار کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں، عہدیداران، اراکین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔


