مواد پر جائیں
Tamir
ادب

یومِ اقبال و یومِ اردو کے موقع پر رؤف صادق کی کتاب ’’یہ بھی ایک سخن ہے‘‘ کی رونمائی، مشاعرہ بھی منعقد

3 منٹ کی پڑھائی

روف صادق نے مشکلات سہہ کر بھی کبھی غلط راہ نہیں اپنائی: جج ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد

رؤف صادق نے ہمیشہ نئے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی سید حسین اختر

یوم اقبال یوم اردو کے موقع پر روف صادق کی کتاب یہ بھی ایک سخن ہے کی رونمائی و مشاعرہ منعقد

بیڑ: (جہانگیر سکندر کی رپورٹ)

اردو دنیا کے معروف ادیب و مصنف روف صادق کی چھٹی کتاب "یہ بھی ایک سخن ہے" کی ممبئی ، گلبرگہ کے بعد بیڑ میں سہ بارہ رسم رونمائی بدست جج ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد عمل میں آئی۔یہ پروگرام بزم احباب اردو بیڑ کے صدر محمد ارشد صدیقی نے سر جی ایف اکیڈمی ہال میں منعقد کیا تھا۔ ضلع جج نے رؤف صادق کی مسلسل جدوجہد اور بیڑ تا ممبئی زندگی کے اتار چڑھاؤ اور جامع انداز میں روشنی ڈالی اور اپنے والد مرحوم ایڈوکیٹ خواجہ منظور الدین اور روف صادق کے قلبی رشتے اور تعلق کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رؤف صادق نے مشکلات سے کر بھی کبھی غلط راہ کا انتخاب نہیں کیا۔ انہوں نے اقدار کی پاسداری کے ساتھ ساتھ محنت مشقت کرتے ہوئے اردو ادب کی مستقل خدمت کی ہے۔

پروگرام کے چیف گیسٹ اردو اکیڈمی مہاراشٹر کی چیئرمین ڈاکٹر سید حسین اختر نے رؤف صادق سے اپنے گہرے تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نئے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کی اور میرے ابتدائی دور میں بھی ہمیشہ میری تائید و حمایت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو ادیبوں کو ان کی خدمات کا صحیح صلہ ملنا چاہیے اردو اکیڈمی بیڑ میں اردو گھر کو لے کر سنجیدہ ہے اور ساتھ ساتھ وہ نئی تصانیف پر بھی گہری نگاہ کرتے ہوئے بہترین لٹریچر کو اردو اکیڈمی کے ججز کی ٹیم تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ شفافیت کے ساتھ ایوارڈز اور انعامات کی تقسیم عمل میں آئے۔

اس موقع پر پروگرام کے صدر و سابقہ صدر شعبہ اردو ملیہ سینیر کالج پروفیسرسید فرید احمد نہری نے اردو کتابوں کی معاونت پر حوصلہ افزا گفتگو پیش کی اور کہا کہ اردو کے بہی خواہوں کو اردو اخباروں کے ساتھ ساتھ اردو کتابیں بھی خرید کر پڑھنی چاہیے۔ اردو کتابوں کے مفت تقسیم کو روکتے ہوئے اردو کے بے لوث خریداروں کی اور معاونین کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

معاونین بھی اپنے ناموں کا افشاں کرتے ہوئے مخلصانہ طور پر اردو کی خدمت کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام دکانوں اور کالجوں سکولوں کے نام دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو کو فوقیت دی جانی چاہیے۔سید حسین اختر کی مرکزیت میں اردو اکیڈمی بہت متحرک ہو گئی ہے۔ انہوں نے اردو اکیڈمی کو راست اردو قاری سے جوڑ دیا ہے۔

رؤف صادق بے مثال رائٹر ہیں انہیں اردو ادب میں ان کا صحیح مقام ملنا چاہیے اس کی وکالت پروفیسر سید فریداحمد نہری نے کی۔

ان سے قبل اردو مشاعرے کے صدر حضرت ندیم مرزا نے رؤف صادق پر بہترین خاکہ پیش کیا اور ان کی علمی فنی مہارتوں کا ذکر خیر کرتے ہوئے کہا کہ روف صادق نے اپنی کتابوں اور فن کے ذریعے اپنے وطن بیڑ کا نام ملک بھر میں روشن کیا ہے۔

پروگرام میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے انجینئر مشتاق احمد انصاری،شیخ مختار کانٹریکٹر ،وائس پرنسپل ملیہ سینئر کالج، پروفیسر ڈاکٹر شوکت اللہ حسینی، صدر شعبہ انگلش ملیہ سینئر کالج پروفیسر ڈاکٹر عبدالانیس عبدالرشید، سید فاروق احمد قادری، عبدالرحیم عرش، حاجی محمد علی باگے، جہانگیر بھائی، پرنسپل ڈاکٹر زبیر حسینی، ڈاکٹر عمران خان پرنسپل شاہین اکیڈمی، صادق صاحب ، سید فیروز علی نائب مدیر ابھیمان نیوز، ایاز خان و دیگر موجود تھے۔

مشاعرے کا آغاز ناظم غلام ثاقب نے یوم اردو یوم اقبال پر اقبال کے اشعار پڑھتے ہوئے کیا۔ شیخ مختار کانٹرکٹر نے مترنم غزل پیش کرتے ہوئے مشاعرہ شروع کیا۔اس کے بعد واثق ناتھاپوری، نجی اللہ خان نجی یوسف زئی، مجتبی نجم، غلام ثاقب ، جمیل مرزا، چشتی سلیم بیدرد، ارشد صدیقی اور صدر مشاعرہ حضرت ندیم مرزا صاحب نے اپنے اپنے کلام پیش کرتے ہوئے سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔ غلام ثاقب نے اقبال پر نظم پڑھ نے کے بعد شکریے پر پروگرام کا اختتام کیا۔