مواد پر جائیں
Tamir
سیاست

آدیواسی برادری سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھائے: نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ پوار

3 منٹ کی پڑھائی

آدیواسی برادری سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھائے: سنیترہ پوار

برسا منڈا کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ریاست بھر میں ’جن جاتیہ گورو سیوا ہفتہ‘ کے تحت پونے اور بیڑ اضلاع میں مختلف پروگراموں کا انعقاد

پونے: برسا منڈا کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ریاست میں 11 سے 18 نومبر تک ’جن جاتیہ گورو سیوا ہفتہ‘ منایا جا رہا ہے۔ اس ہفتے کے دوران آدیواسی برادری تک مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے ساتھ صحت، تعلیم، تغذیہ، صفائی اور عوامی بیداری سے متعلق متعدد پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ اور پونے و بیڑ اضلاع کی نگراں وزیر سنیترہ اجیت پوار نے آدیواسی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔ وہ بارامتی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔

سنیترہ پوار نے کہا کہ برسا منڈا نے آدیواسی برادری کے حقوق، جل، جنگل اور زمین کے تحفظ اور ملک کی جدوجہدِ آزادی میں جو نمایاں خدمات انجام دیں، وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کی قربانی، جدوجہد اور سماجی اصلاح کے لیے انجام دی گئی خدمات سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہیں ’دھرتی آبا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کی یومِ پیدائش کے موقع پر 15 نومبر کو ملک بھر میں ’جن جاتیہ گورو دن‘ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونے ضلع میں مربوط آدیواسی ترقیاتی پروجیکٹ، گھوڑے گاؤں کی جانب سے اس ہفتے کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان میں سرکاری اسکیموں کے مستحقین میں چیک تقسیم کرنا، یادگاروں کی صفائی اور چراغاں، جنگلی سبزیوں کا میلہ، ثقافتی پروگرام، آدیواسی اجتماعات، صحت اور تغذیہ سے متعلق بیداری کیمپ اور آدھار کارڈ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے خدماتی کیمپ شامل ہیں۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان (پی ایم جن من) اسکیم کے تحت پونے ضلع میں 1,967 مکانات کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں سے بے زمین 863 مستحقین کو مکان کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ امبیگاؤں، بھور، ماول، مولشی، کھیڑ، جنّر اور راج گڑھ، ان سات تعلقوں کے مزید 640 مستحقین کو زمین فراہم کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کاتکری برادری کے افراد کو 14,441 آدھار کارڈ، 13,486 ذات کے سرٹیفکیٹ اور 11,170 راشن کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 4,200 شہریوں کو آیوشمان کارڈ، 971 افراد کو جن دھن بینک اکاؤنٹ اور 485 افراد کو پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔

سنیترہ پوار نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران آدیواسی ترقیات کے محکمے نے تعلیم، صحت، روزگار اور کھیل کے شعبوں میں کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ پوتر پورٹل کے ذریعے 2,500 سے زائد اساتذہ کی شفاف طریقے سے بھرتی کی گئی ہے، جبکہ 3,000 سے زیادہ کنٹریکٹ اساتذہ بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ آدیواسی طلبہ کے لیے سیمی انگلش اور سی بی ایس ای طرزِ تعلیم متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں کھیل، فنون اور موسیقی کے اساتذہ مقرر کرنے کے ساتھ مسابقتی امتحانات کی تیاری کے مراکز بھی شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آشرم اسکولوں میں پہلی مرتبہ نرسوں کی تقرری کی گئی ہے۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے سویم یوجنا کے تحت دیے جانے والے الاؤنس میں 33 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اس اسکیم کا دائرہ بڑھا کر دیہی علاقوں کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ ہونہار طلبہ کے لیے ’ویر راگھوجی بھانگرے‘ اسکالرشپ، خواتین کے لیے ’رانی درگاوتی یوجنا‘ اور نوجوانوں کے لیے ’خصوصی صنعت کاری ترقیاتی اسکیم‘ شروع کی گئی ہے۔