مواد پر جائیں
Tamir
سیاست

پنڈت جواہر لال نہرو کی 137ویں یومِ پیدائش پر ممبئی کے تلک بھون میں ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘ پروگرام کا انعقاد

3 منٹ کی پڑھائی

پنڈت جواہر لال نہرو کی 137ویں یومِ پیدائش کے موقع پر تلک بھون میں ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘ خصوصی پروگرام کا انعقاد

ملک کی تعمیر میں نہرو کے تعاون، ان کے نظریات اور جدید ہندوستان کی تشکیل میں ان کے کردار پر اظہارِ خیال کیا جائے گا

کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رہنما رکن پارلیمنٹ سپریا سولے اور شیوسینا کے رہنما رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی خصوصی شرکت

ممبئی: ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور جدید ہندوستان کے معمار پنڈت جواہر لال نہرو کی 137ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال کی رہنمائی میں روزگار و خود روزگار شعبے اور ثقافتی شعبے کے مشترکہ تعاون سے یہ پروگرام جمعہ، 13 نومبر 2026ء کو شام 4 بجے سے 6:30 بجے تک تلک بھون، دادر، ممبئی میں منعقد ہوگا۔

آزادی کے بعد ہندوستان کی تعمیرِ نو میں پنڈت جواہر لال نہرو کے تاریخی کردار، صنعتی اور معاشی ترقی کے حوالے سے ان کی دور اندیشی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے قائم کیے گئے بنیادی ڈھانچے، نیز جمہوریت، سیکولرازم اور قومی یکجہتی کے تئیں ان کی غیر متزلزل وابستگی جیسے اہم پہلوؤں پر اس پروگرام میں تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ نہرو کے نظریات کو موجودہ سماجی، معاشی اور سیاسی حالات سے جوڑتے ہوئے نئی نسل کے سامنے ان کی خدمات کی اہمیت اجاگر کرنا اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہے۔

اس پروگرام میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن دادا سپکال، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، شیوسینا کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت، نیز سابق رکن پارلیمنٹ کمار کیتکر اہم مقررین کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈرامہ و فلم کے ہدایت کار چندرکانت کلکرنی، شاعر اور سماجی کارکن سائمن مارٹن سمیت فن، ادب، ثقافت اور سماجی شعبوں سے وابستہ متعدد ممتاز شخصیات بھی موجود رہیں گی۔

اس پروگرام کے ضمن میں پنڈت نہرو کے نظریات پر مبنی کتابوں کی نمائش اور فروخت، ان کی زندگی اور خدمات پر مشتمل پوسٹر نمائش، خصوصی کوئز مقابلہ، ’بھارت ایک کھوج‘ کے منتخب حصوں کی قرأت اور خصوصی ڈرامائی پیشکش سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔

پنڈت جواہر لال نہرو نے جدید ہندوستان کی تعمیر کے لیے جو مضبوط بنیاد رکھی، سائنسی فکر کو فروغ دیا اور جمہوریت، سیکولرازم اور سماجی یکجہتی کی جو اقدار پروان چڑھائیں، وہ آج بھی ملک کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ موجودہ دور میں آئینی اقدار کے تحفظ، جمہوریت کو مضبوط بنانے اور سماجی یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے نہرو کے نظریات کو یاد کرنا اور انہیں عام کرنا انتہائی اہم ہے۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ اس خصوصی پروگرام میں کمیٹی کے تمام عہدیداران، شعبہ جاتی سربراہان، ضلع صدور، بلاک صدور، مختلف سیل اور شعبوں کے عہدیداران، کارکنان، ادیب، فنکار، دانشور اور شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں۔

پروگرام کی تفصیلات

پروگرام: ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘

تاریخ: جمعہ، 13 نومبر 2026ء

وقت: شام 4 بجے سے 6:30 بجے تک

مقام: تلک بھون، دادر، ممبئی