امریکہ میں فضائی نظام کی تکنیکی خرابی سے ہزاروں پروازیں متاثر، ایئر انڈیا کی مسافروں کو اہم ہدایت


یہ حادثہ نہیں، قتل ہے!
عارف شیخ کو انصاف دلانے کے لیے بیڑ میں عوامی غم و غصے کا زبردست مظاہرہ
ضلع کلکٹر دفتر پر عوامی احتجاجی مارچ؛ عارف کی ماں نے انصاف کے لیے دہائی دی
پولیس افسر نے معاملہ دبانے کے لیے پونے پانچ لاکھ روپے لیے: بالا بانگر کا سنگین الزام
بیڑ (نمائندہ): ’’انقلاب زندہ باد، انقلاب زندہ باد، یہ جھوٹ نہیں، سچ بات ہے، حادثہ نہیں، گھات ہے‘‘، ’’پولیس انتظامیہ جواب دو، جواب دو‘‘ جیسے فلک شگاف نعروں کے ساتھ آج بیڑ شہر کی سڑکوں پر عارف شیخ کو انصاف دلانے کے مطالبے پر عوام کا شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ عارف شیخ کی مبینہ طور پر منصوبہ بند طریقے سے جان لیے جانے کے باوجود پولیس انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس کارروائی نہ کیے جانے پر احتجاجیوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ مظاہرین نے اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کرتے ہوئے مبینہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران سماجی کارکن وجے سنگھ عرف بالا بانگر نے احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ایک انتہائی سنگین الزام عائد کیا کہ پولیس افسران نے قتل کی سازش کے معاملے کو دبانے کے لیے پونے پانچ لاکھ روپے وصول کیے ہیں۔
بیڑ شہر کے بشیر گنج چوک سے شروع ہونے والا عوامی احتجاجی مارچ چھترپتی شیواجی مہاراج چوک (شیوتیرتھ) اور نگر روڈ سے ہوتا ہوا ضلع کلکٹر دفتر پہنچا۔ عارف شیخ کو انصاف دلانے کے لیے بڑی تعداد میں شہریوں نے ہاتھوں میں انصاف کے مطالبے پر مبنی پلے کارڈز اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ’’انقلاب زندہ باد‘‘، ’’عارف شیخ کو انصاف دو‘‘ کے نعروں سے آج بیڑ شہر گونج اٹھا۔ یہ مارچ محض ایک خاندان کا احتجاج نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف اٹھنے والی عوامی آواز کا مظہر تھا۔
پٹودہ تعلقہ کے گنّا کٹائی کرنے والے مزدور عارف تقدیر شیخ کی 27 ستمبر 2026 کو ہوئی موت کو ان کے اہل خانہ نے مشتبہ قرار دیتے ہوئے اسے حادثہ نہیں بلکہ قتل بتایا ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس کے باوجود پولیس تحقیقات میں تاخیر اور عدم سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کے باعث عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں موجودہ تحقیقاتی عمل پر اعتماد نہیں ہے۔ اہل خانہ نے اس شبہ کا اظہار بھی کیا کہ مشتبہ ملزمین اور متعلقہ تحقیقاتی ایجنسی کے درمیان ملی بھگت ہو سکتی ہے۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی نقل قانونی وارثین کو فراہم کرنے میں ٹال مٹول کی جا رہی ہے۔
احتجاج میں شریک شہریوں نے سوال اٹھایا کہ ’’آخر رپورٹ کیوں چھپائی جا رہی ہے؟ تحقیقات کس کو بچانے کے لیے کی جا رہی ہیں؟ کیا ایک غریب گنّا کٹائی کرنے والے مزدور کو انصاف نہیں ملے گا؟‘‘
اہل خانہ نے طبی رپورٹ میں ردوبدل کیے جانے کا شبہ بھی ظاہر کیا اور مطالبہ کیا کہ رپورٹ کی کسی آزاد طبی ماہرین کی کمیٹی کے ذریعے جانچ کرائی جائے۔
جن آکروش کمیٹی کے مطالبات
جن آکروش کمیٹی کی جانب سے ضلع کلکٹر کو پیش کردہ میمورنڈم میں درج ذیل مطالبات کیے گئے ہیں:
خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے کر تحقیقات کسی دیانت دار آئی پی ایس افسر کے سپرد کی جائیں۔
بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 164 (4) کے تحت قبر سے لاش نکال کر دوبارہ پوسٹ مارٹم کرایا جائے۔
پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے کی رپورٹ فوری طور پر قانونی وارثین کے حوالے کی جائے۔
اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں کی جائے۔
سرکاری وکیل کی حیثیت سے اجول نکم کو مقرر کیا جائے۔
متاثرہ خاندان کو فوری تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ مالی امداد بھی دی جائے۔
آج صبح بیڑ شہر کے بشیر گنج چوک سے شروع ہونے والے اس احتجاجی مارچ میں متاثرہ شیخ خاندان کے علاوہ سابق رکن اسمبلی اوشا تائی دراڈے، سابق رکن اسمبلی سید سلیم، پٹودہ کے سماجی کارکن وجے کمار بالا بانگر، بزرگ رہنما معین ماسٹر، ایڈوکیٹ شیخ شفیق بھاؤ، جاوید بھیا قریشی، فاروق پٹیل، اشفاق انعامدار، خورشید عالم، پروفیسر الیاس انعامدار، بھگوت تاورے، ڈاکٹر گنیش ڈھولے، گنیش بجگڑے، شیو راج بانگر، سید عابد بھائی، سید ساجد بھائی، نتن سونونے، کامریڈ نامدیو چوہان، ایوب خان اور منوج گودسے سمیت مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آج صبح دس بجے سے ہی بشیر گنج علاقے میں انصاف کے لیے نکالے جانے والے احتجاجی مارچ میں شرکت کے لیے شہریوں کی بڑی بھیڑ جمع ہونے لگی تھی۔ پٹودہ سے متوفی عارف شیخ کے اہل خانہ کے بشیر گنج پہنچتے ہی احتجاجی مارچ کا آغاز کیا گیا۔ شرکاء کے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز، مطالبات پر مبنی نعروں کی تختیاں اور عارف کی تصاویر تھیں، جبکہ ہر زبان پر صرف انصاف کا مطالبہ تھا۔
مختلف نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ خاص طور پر جب ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے عارف کی والدہ اپنی فریاد لے کر بولنے کے لیے کھڑی ہوئیں تو ان کے لبوں سے نکلے محض دو الفاظ نے پورے ماحول کو خاموش اور سوگوار کر دیا۔ وہاں موجود متعدد افراد کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
اب یہ سوال بھی اٹھنے لگا ہے کہ کیا کم از کم اس عوامی احتجاج کے بعد پولیس انتظامیہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گی؟
سماجی کارکن بالا بانگر نے کہا کہ انہوں نے اس مبینہ قتل کے معاملے کی مکمل چھان بین کی ہے اور ان کے پاس اس سلسلے میں کل 13 ریکارڈنگ موجود ہیں۔ انہوں نے متعلقہ تحقیقاتی افسر پر رشوت لینے کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔
بالا بانگر کے مطابق اس معاملے میں ایک بلٹ موٹر سائیکل کے ڈرائیور کو زبردستی ملزم بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیڑ میں پریس کانفرنس کرنے کے محض دو گھنٹے بعد، 27 دن گزرنے پر اس معاملے میں جرم درج کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے سے متعلق تمام ثبوت ان کے پاس محفوظ ہیں اور جیسے ہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی، وہ تمام ثبوت اس کے حوالے کر دیں گے۔
’’جو راکھ سے اٹھا ہے، وہ آگ سے کیا ڈرے گا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بالا بانگر نے کہا کہ وہ اس تعلقہ کے رہنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں یہاں سے کوئی انتخاب لڑنا ہے۔ وہ صرف اس بہن کو انصاف دلانے کے لیے یہاں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ’’بالا بانگر کو ختم کر دیں گے‘‘ جیسی پوسٹیں بھی کی جا رہی ہیں۔ لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ الٹے جگر والا بالا بانگر کسی کے باپ سے نہیں ڈرتا۔ جب تک میری بہن کو انصاف نہیں ملتا اور عارف کے معاملے کی مکمل تحقیقات نہیں ہو جاتیں، میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس لڑائی کو آخری دم تک لے جانا ہے۔ اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے کر ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی جائے گی۔ اس تحریک کو چھترپتی سمبھاجی نگر سے ممبئی تک لے جایا جائے گا۔ اگر اس کے باوجود انصاف نہیں ملا تو دہلی پہنچ کر وزیر داخلہ کے دروازے پر بیٹھنا پڑے گا۔
بالا بانگر نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ نہ پیچھے ہٹیں اور نہ خوف زدہ ہوں۔ آج یہ طاقت اٹھارہ پگڑی ذاتوں کی متحدہ طاقت ہے۔ عارف نہ ہندو تھا اور نہ مسلمان، وہ آپ کی اور میری بہن کا بچہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی صرف عارف کے خاندان کی نہیں بلکہ انصاف اور انسانی حقوق کی لڑائی ہے، جسے ہر حال میں انجام تک پہنچایا جائے گا۔





