حج کمیٹی ضلع بیڑ کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے پانچ تربیتی نشستوں کا اعلان

📖 میرا شہر، میرے لوگ
نہ تھا کچھ تو خدا تھا، کچھ نہ ہوتا تو خدا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے، نہ ہوتا میں تو کیا ہوتا
کچھ زندگیاں محض حادثاتِ روزگار اور واقعات کا مجموعہ نہیں ہوتیں، بلکہ وہ اپنے دامن میں ایک عہد، ایک طویل جہدِ مسلسل اور ایک بلند فکر کی پوری داستان سموئے ہوتی ہیں۔ ایسی ہی ایک تابناک اور درخشاں زندگی الحاج عبدالجبار حاجی محمد غوث (جے پی) کی تھی۔ وہ ایک ایسے درویش صفت انسان تھے جنہوں نے پسماندہ دیہی پس منظر اور ایک معمولی باغبان گھرانے سے اپنے سفر کا آغاز کیا، غربت اور نامساعد حالات کو کبھی راہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا، عزمِ مصمم کو اپنا توشہ بنایا اور اپنی خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر نہ صرف معاشی بلندیوں کو چھوا بلکہ اپنی کمائی ہوئی دولت کو تعلیم، فلاحِ عامہ، دینی و عصری اداروں کے استحکام اور خلقِ خدا کی خدمت کے لیے وقف کردیا۔
ان کی پوری حیاتِ مستعار اس زریں حقیقت کی غماز ہے کہ انسان کا آغازِ سفر اس کی آخری منزل کا فیصلہ نہیں کرتا؛ تقدیر کے زاویے محنتِ پیہم، بلند حوصلے اور توکل علی اللہ سے بدلا کرتے ہیں۔
مرحوم کی ولادت 12 مئی 1952ء کو اورنگ آباد کے تاریخی قصبے پپری راجہ میں ایک باغبان گھرانے میں ہوئی۔ دیہی ماحول، محدود وسائل اور معاشی تنگی نے بچپن ہی سے ان کے پاؤں میں محنت کے گھنگھرو باندھ دیے تھے۔
ان حالات کی پرچھائیاں ان کی باضابطہ تعلیم پر بھی پڑیں اور وہ صرف پانچویں جماعت تک ہی درس گاہ کا رخ کرسکے۔ مگر مکتب کی چہار دیواری سے باہر نکلتے ہی زندگی خود ان کی سب سے بڑی درس گاہ بن گئی۔ علم و عمل کا جو درس انہیں حالات نے دیا، وہ بڑے بڑے کورسز میں بھی نایاب ہے۔
کم سنی ہی میں انہوں نے محنت مزدوری کا آغاز کردیا۔ یومیہ اجرت محض ایک روپیہ تھی! یہی ایک روپیہ آگے چل کر ان کی طویل جدوجہد اور کامیابی کی علامت و استعارہ بن گیا۔
لگ بھگ ڈھائی برس کی مزدوری کے بعد، محض سولہ برس کی عمر میں انہوں نے تجارتی دنیا میں قدم رکھ دیا۔
عبدالجبار صاحب نے سترہ سال کی عمر میں اپنے تجارتی سفر کا آغاز موسمی پھلوں، بالخصوص موسمبی کے کاروبار سے کیا۔ پپری راجہ سے اورنگ آباد تک سائیکل پر میلوں کا سفر کرنا، مال لانا اور لے جانا اور پوری دیانت داری سے کاروبار کی بنیادیں استوار کرنا ان کی روزمرہ زندگی کا شیوہ تھا۔
آج جب ہم ان کے عروج کی عمارت دیکھتے ہیں تو صرف گنبد نظر آتے ہیں، لیکن اس کی بنیادوں میں چھپی ہوئی برسوں کی محنت و مشقت، آفتاب کی تپش، سفر کی صعوبتیں اور استقامت کا طویل سلسلہ نظر نہیں آتا۔ وسائل نہایت محدود تھے، پونجی مختصر تھی، مگر عزم کی کوئی حد نہ تھی۔
سنہ 1998ء میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی غرض سے وہ مستقل طور پر اورنگ آباد منتقل ہوگئے۔ یہاں سے ان کی کاروباری پرواز نے ایسی اڑان بھری کہ کلکتہ، راجستھان، اتر پردیش، گجرات اور دہلی تک ان کی تجارت کا ڈنکا بجنے لگا۔
جس شخص نے زندگی کا آغاز ایک روپے کی مزدوری سے کیا ہو، اس کے لیے اتنے وسیع تجارتی افق تک پہنچنا معمولی بات نہ تھی۔ مگر ان کی شخصیت کا سب سے درخشاں پہلو یہ تھا کہ دولت بڑھتی گئی تو ان کے اندر کا سخی اور درد مند انسان بھی نکھرتا چلا گیا۔
کامیابی کا اصل معیار یہ نہیں ہے کہ آپ نے کیا کمایا، بلکہ یہ ہے کہ آپ نے سماج کو کیا دیا۔ الحاج عبدالجبار کی زندگی کا دائرۂ کار تجارت سے نکل کر خدمتِ خلق کے وسیع تر میدان میں پھیل گیا۔
سنہ 2006ء میں ’باغبان ایجوکیشن ٹرسٹ‘ کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کے ذریعے سیکڑوں ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلے۔ اس ادارے کے تعاون سے کئی طلبہ و طالبات ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر شعبوں میں کامیاب ہوئے۔ غریب بچیوں کی شادیوں میں معاونت اور اجتماعی فلاحی کاموں میں بھی وہ ہمیشہ پیش پیش رہے۔
وہ تعلیم کو محض ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کی اصلاح اور بقا کا واحد ضامن سمجھتے تھے۔ ’جے پی ٹرانسپورٹ‘، ’جے پی کنسٹرکشن‘ اور ’جے پی اسکالرشپ‘ جیسے کام اس بات کے شاہد ہیں کہ ان کی سوچ کتنی وسیع اور ہمہ گیر تھی۔
دینی و ملی اداروں سے ان کا عشق ڈھکا چھپا نہیں تھا۔ مساجد کی تعمیر و ترقی سے انہیں قلبی انس تھا۔ اورنگ آباد کی مشہور ’مسجد میر جنگو‘، لوٹا کارنجہ کی تعمیر میں ان کا کلیدی حصہ رہا۔ دستیاب تذکروں کے مطابق، انہوں نے اپنے ذاتی سرمائے سے تقریباً بیس مساجد کی تعمیر و تأسیس میں نمایاں تعاون کیا۔
اس کے علاوہ بدناپور کا مدرسہ ہو یا جامعہ کاشف العلوم، مٹمٹہ کی چہار دیواری، تعلیمی و دینی اداروں کے لیے زمین کی فراہمی اور مالی امداد میں وہ ہمیشہ صفِ اول میں نظر آئے۔
مرحوم کی زندگی کا ایک نہایت روشن باب اورنگ آباد کے مؤقر دینی ادارے جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم سے ان کا طویل اور گہرا تعلق تھا۔ سنہ 2000ء میں آپ جامعہ کی مجلسِ عاملہ کے رکن منتخب ہوئے اور 2016ء سے تادمِ آخر بطورِ صدرِ مجلسِ عاملہ اس ادارے کی سرپرستی فرماتے رہے۔
یہ رشتہ محض ایک انتظامی منصب تک محدود نہ تھا، بلکہ ان کے دینی اخلاص اور روحانی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
پپری راجہ کے خاکی راستوں پر سائیکل سے سفر کرنے والے اس مردِ قلندر نے وقت کے ساتھ دنیا کے کونے کونے کا سفر کیا۔ انگلینڈ، فرانس، جرمنی، ناروے، سویڈن، روس، کینیڈا، سعودی عرب، فلسطین، مصر، ملائیشیا، سنگاپور، الجزائر اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ممالک کے اسفار کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ سعادتِ حج اور عمرہ سے بھی بارہا مشرف ہوئے۔
یہ ان کی زندگی کا کتنا حسین تضاد تھا کہ آغاز ایک چھوٹے سے گاؤں کی خاک سے ہوا تھا اور دائرۂ کار پوری دنیا کے افق تک پھیل گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگی کے لیے یہ عنوان بالکل صادق آتا ہے:
”ایک روپے سے شروع ہوئی کہانی، دنیا تک پہنچا سفر!“
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
15 نومبر 2026ء، بروز اتوار، مراٹھواڑہ کی یہ کہکشاں شخصیت، یہ مربیِ غریباں اور سخی انسان ہم سے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے۔ ان کی یہ ناگہانی رحلت پورے خطے کے لیے ایک ایسا صدمہ ہے جس کا مداوا طویل عرصے تک ممکن نہیں۔
جس ہاتھ نے ہمیشہ دوسروں کے آنسو پونچھے، جس شخصیت نے اپنی پوری زندگی شرافت اور ایثار کے لیے وقف کردی، آج وہ مٹی کی چادر اوڑھ کر ابدی نیند سوگئی ہے۔ مرحوم کی تدفین ان کے آبائی گاؤں پپری راجہ، (کرماڈ کے قریب) میں عمل میں آئی۔
بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرتِ کاملہ فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقامِ علیّین عطا فرمائے اور تمام پسماندگان، وابستگان اور جامعہ کاشف العلوم کے ارکان، اساتذہ و طلبہ کو صبرِ جمیل کی دولتِ عظمیٰ سے نوازے۔
آمین یا رب العالمین!
مضمون نگار: مرزا عبدالقیوم ندوی
اورنگ آباد، مہاراشٹر
رابطہ: 9325203227





