ایک روپے کی مزدوری سے عالمی سفر تک: الحاج عبدالجبار باغبان مرحوم کی جدوجہد، سخاوت اور خدمات کی داستان


حج کمیٹی ضلع بیڑ کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے پانچ تربیتی نشستوں کا اعلان
26 سال سے بے لوث حج خدمات کا سلسلہ جاری؛ مستند علمائے کرام کی نگرانی میں ہوگی رہنمائی و تربیت
بیڑ (نامہ نگار): حج 2027 کا ارادہ رکھنے والے خوش نصیب مرد و خواتین عازمینِ حج کے لیے حج کمیٹی ضلع بیڑ نے پانچ خصوصی تربیتی نشستوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ہر سال کی روایت برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی عازمینِ حج کی صحیح رہنمائی، تعلیم و تربیت اور مناسکِ حج سے مکمل واقفیت کے لیے ان خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
حج کمیٹی ضلع بیڑ گزشتہ 26 سال سے مستند و معتبر علمائے کرام حضرت مولانا شیخ احمد صاحب کاشفی، مولانا عبدالقیوم عابد صاحب قاسمی، مفتی محمد عارف (مدرس دارالعلوم بیڑ) اور مولانا شکیل احمد قاسمی کی زیرِ نگرانی بے لوث حج خدمات انجام دے رہی ہے۔
کمیٹی کی جانب سے حج کمیٹی کے ذریعے جانے والے عازمین کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ٹور کے ذریعے حج پر روانہ ہونے والے تمام عازمین سے بھی ان تربیتی نشستوں سے استفادہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
حج کمیٹی کے اعلان کے مطابق پہلی نشست 21 جنوری 2027ء بمطابق 12 شعبان، دوسری نشست 6 فروری 2027ء بمطابق 28 شعبان، تیسری نشست 15 مارچ 2027ء بمطابق 6 شوال، چوتھی نشست یکم اپریل 2027ء بمطابق 22 شوال اور پانچویں نشست 17 اپریل 2027ء بمطابق 9 ذی الحجہ کو منعقد ہوگی۔
ان تربیتی نشستوں کا مقصد عازمینِ حج کو مناسکِ حج کی ادائیگی، سفرِ حج کی تیاری، ضروری امور اور دورانِ سفر پیش آنے والے مختلف معاملات سے روشناس کرانا ہے۔ خصوصی بات یہ ہے کہ تیسری نشست میں اورنگ آباد حج کمیٹی کے تجربہ کار ذمہ داران بھی شرکت کریں گے، جو عازمین کو روانگی سے لے کر حج کی ادائیگی اور وطن واپسی تک کے انتظامات اور ضروری امور کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کریں گے۔
تمام پانچوں نشستوں کا انعقاد امن لانز، زم زم کالونی، بارشی روڈ، بیڑ میں کیا جائے گا۔ ہر نشست کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا اور یہ مغرب تک جاری رہے گی۔
کمیٹی کی جانب سے مرد و خواتین عازمینِ حج کے لیے دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جبکہ خواتین کے لیے شرعی پردے کا خصوصی نظم رہے گا۔
حج کمیٹی نے تمام عازمینِ حج سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنا شناختی کارڈ (آئی ڈی کارڈ) ساتھ لے کر تشریف لائیں۔ تربیتی نشستوں میں بچوں اور غیر متعلقہ افراد کو ساتھ نہ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید معلومات کے لیے حاجی جمیل عرف جے کے (9970532168)، شیخ جاوید سر (9422542589) اور شیخ محمد عرفان (7020592328) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔





