کوکن میلہ سیزن 3 میں روایتی کھانوں، قوالی اور ثقافتی پروگراموں نے بکھیرے رنگ؛ دنیا بھر میں 30 ہزار افراد نے لائیو نشریات کو دیکھا

مولانا صادق ملی ندوی اور الحاج عبدالجبار باغبان کی دینی، تعلیمی و اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت
جمعیت علماء ضلع جالنہ کی تعزیتی نشست؛ علمائے کرام اور سماجی شخصیات نے دونوں مرحومین کی خدمات کو یاد کیا
جالنہ: جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کی جانب سے جمعرات 26 نومبر کو بعد نمازِ ظہر جمعیت علماء کے ارکان کی موجودگی میں ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں مولانا صادق ملی ندوی اور الحاج عبدالجبار باغبان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، تعلیمی، اصلاحی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
نشست کے آغاز میں مولانا عیسیٰ خان کاشفی نے اپنے تعزیتی خطاب میں کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران علاقے کی دو عظیم شخصیات اور دیرینہ مخلص رفقا، مولانا محمد صادق ملی ندوی اور الحاج عبدالجبار باغبان کی رحلت سے علمی اور دعوتی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان دونوں شخصیات کا ہمارے درمیان سے رخصت ہوجانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی، نقیب امارتِ شرعیہ جالنہ و نائب صدر جمعیت علماء مراٹھواڑہ نے اپنے تعزیتی تاثرات میں کہا کہ ان دونوں حضرات کی ناگہانی رحلت پورے خطے کے لیے ایسا صدمہ ہے جس کی تلافی طویل عرصے تک ممکن نہیں۔
مولانا صادق ملی ندوی سے اپنے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت علم و فضل، خلوص و محبت، علمی بصیرت اور اردو و عربی زبان و ادب سے غیر معمولی وابستگی کا حسین امتزاج تھی۔ وہ ایک فعال، محنتی اور باصلاحیت استاد تھے۔ انہوں نے کبھی تدریس کو محض ذریعۂ معاش نہیں سمجھا بلکہ اسے ایک علمی اور اخلاقی فریضہ تصور کیا۔ اردو اور عربی زبان کی خدمت کے لیے ان کا جذبہ قابلِ قدر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا صادق ملی ندوی کا ایک بڑا کارنامہ علمائے کرام کو عصری تعلیم سے منسلک کرکے ان کی معاشی کفالت اور ترقی کے مزید مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سینکڑوں علمائے کرام کی کامیاب رہنمائی کی۔ ان کی خدمات، حسنِ اخلاق اور محبتوں کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انہوں نے اپنے رفیق الحاج عبدالجبار باغبان کے ساتھ باغبان برادری میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور اس مقصد کے تحت باغبان ایجوکیشن ٹرسٹ قائم کیا۔
الحاج عبدالجبار باغبان کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید نصراللہ حسینی نے کہا کہ وہ بھی خوش اخلاق، علم دوست اور دعوتی میدان میں پیش پیش رہنے والے مخلص انسان تھے۔ ان کے والد محترم ڈاکٹر سرتاج مرحوم بھی الحاج عبدالجبار کی دعوتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ہمیشہ ان کا احترام سے ذکر کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ الحاج عبدالجبار دینی اور تعلیمی اداروں کے لیے زمین کی فراہمی اور مالی تعاون کے معاملے میں ہمیشہ صفِ اول میں نظر آتے تھے۔ انہوں نے اپنی محنت سے حاصل کی گئی دولت کو تعلیم، فلاحِ عامہ، دینی و عصری اداروں کے استحکام اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کر رکھا تھا۔
جمعیت علماء کے نائب صدر محمد افتخارالدین نے کہا کہ مولانا صادق ندوی اور الحاج عبدالجبار باغبان باغبان برادری کے اہم ستون تھے۔ برادری کے لیے دونوں شخصیات نے جو نمایاں خدمات انجام دیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
جمعیت علماء کے جنرل سیکریٹری محمد ایوب خان نے کہا کہ دونوں شخصیات خلوص، ملنساری، ہمدردی اور بلند اخلاق کا پیکر تھیں۔ مفتی نعمان حسینی ندوی نے کہا کہ ان کی علمی، ادبی اور سماجی سرگرمیوں کے باعث علمی و ادبی حلقوں میں انہیں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا اور ان سے لوگوں کی گہری قلبی وابستگی تھی۔ ان کی خدمات اور یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
جمعیت علماء کے سیکریٹری محمد قاسم اعجاز صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حضرات کی علمی، تدریسی، ادبی، دعوتی اور تبلیغی خدمات کا اعتراف ہمیشہ کیا جاتا رہے گا۔ بلاشبہ ایسے مخلص اور بے لوث خدمت گزاروں کی جدائی ایک ایسا خلا پیدا کردیتی ہے جسے آسانی سے پُر نہیں کیا جاسکتا۔
محمد احتشام الدین باغبان نے بھی دونوں مرحومین کی خدمات اور ان سے وابستہ یادوں کا اپنائیت کے ساتھ تذکرہ کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت دونوں مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی علمی، تدریسی اور ادبی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور انہوں نے اپنی زندگی میں جو قابلِ قدر کام انجام دیے، ہمیں بھی انہیں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں حافظ عبدالسلام قریشی، امام باغبان مسجد کی پرسوز دعا پر تعزیتی نشست اختتام پذیر ہوئی۔
اس نشست میں جمعیت علماء کے دیگر ارکان مولانا عبدالعلیم اشاعتی، مولانا عبداللہ سراجی، مولانا غلام حقانی، حافظ نذیر، ایڈووکیٹ محمد اشفاق کاغذی، حاجی محمد سلیم باوا، محمد شارق سر قریشی، حافظ محمد ایوب انصاری، حافظ عبد الواجد امام مغل مسجد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔







